لاہور اور کراچی میں ہندوؤں کے مذہبی تہوار دیوالی کی تقریبات منعقد کی گئی جہاں شرکا نے پلھجڑیاں چلا کر خوشی کا اظہار کیا۔
ہندو برادری کا سب سے بڑا تہوار دیپا والی، جو بدلتے بدلتے دیوالی بن گیا، دیپ روشن کرنے کے اس دن کی مناسبت سے لاہور کے مقامی ہوٹل میں تقریب ہوئی، جس میں شرکا نے مل کر کیک کاٹا اور تقریب میں شریک ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین اور بچوں نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔
لاہور میں منعقدہ دیوالی کی تقریب میں صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑا اور پارلیمانی سیکرٹری برائے وزارت انسانی حقوق و اقلیتی امور پنجاب سونیا عاشر بھی شریک ہوئیں۔
دیوالی کی اس تقریب میں ہندوؤں کے علاوہ مسلمانوں، سکھوں اور دیگر مذاہب کے ماننے والوں نے بھی شرکت کی۔
شرکا کا کہنا تھا کہ پاکستان مختلف مذاہب کے ماننے والوں کا ایک گلدستہ ہے، جہاں ہر شہری کو احترام دیا جاتا ہے۔
کراچی میں پاکستان ہندو کونسل کے تحت دیوالی کی مناسبت سے تقریب دوران کیک کاٹا گیا۔
ہندو کونسل کی جانب سے دیوالی کی مناسبت سے رنگارنگ میوزیکل پروگرام کا اہتمام بھی کیا گیا تھا اور آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔
اس موقع پر ہندو کونسل کے پیٹرن ان چیف رمیش کمار نے تقریب کے شرکا کو دیوالی کی مبارک باد پیش کی۔