شوہر نے 2 گرل فرینڈز کے ساتھ مل کر بیوی کو قتل کردیا

بھارت میں شوہر نے اپنی 2 گرل فرینڈز کے ساتھ مل کر بیوی کو قتل کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھونیشور شہر سے تعلق رکھنے والا 24 سالہ  پردمونیا کمار پیشے کے اعتبار سے فارمسٹ ہے جس نے اپنی بیوی کو بے دردی سے قتل کردیا۔

پولیس کا بتانا ہےکہ ملزم پردمونیا کمار کی 2 گرل فرینڈز ہیں اور دونوں ہی بطور نرس ملازمت کرتی ہیں، ملزم نے بیوی سبھاشری سے 2020 میں شادی کی تھی جس کے بعد سے وہ اپنی بیوی پر تشدد کرتا رہا، شوہر کے تشدد سے تنگ آکر خاتون گزشتہ 6 ماہ سے اپنے والدین کے گھر پر رہ رہی تھی۔

پولیس کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر سبھاشری کو قتل کرنے کی سازش کی اور 27 اکتوبر کو اپنی بیوی کو سمپور کے علاقے میں گرل فرینڈ روزی کے گھر لے آیا جہاں اسے زبردستی بے ہوشی کی دوائی زیادہ مقدار میں دی گئی۔

پولیس کا کہنا ہےکہ شوہر نے قتل کو خودکشی کا رنگ دیا اور بیوی کو اسپتال لے جا کر خودکشی کرنے کا بتایا جہاں ڈاکٹرز نے سبھاشری کو مردہ قرار دے دیا۔

پولیس نے مزید بتایا کہ سبھاشری کی پوسٹ مارٹم رپورٹ نے ملزم کا پردہ فاش کردیا اور رپورٹ سے معلوم ہوا کہ  ملزم نے زبردستی زیادہ مقدار میں خاتون کو بے ہوشی کی دوائی دی جس سے اس کی موت واقع ہوئی۔

پولیس کے مطابق تحقیقات کے دوران ملزم اور اس کی دونوں گرل فرینڈز کو گرفتار کرلیا  گیا ہے۔