پشاور ہائی کورٹ میں خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات کے انعقاد کےلیے درخواست دائر

خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات کے انعقاد کےلیے ترمیم شدہ درخواست پشاور ہائی کورٹ میں دائر کردی گئی۔

درخواست سینیٹ انتخابات کے امیدوار اعظم سواتی کی جانب سے  دائرکی گئی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن سینیٹ انتخابات وقت پر کروانے کا پابند ہے۔ خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات کرائے جائے۔ درخواست کے متن کے مطابق سپریم کورٹ مخصوص نشستوں پر فیصلہ بھی کر چکا ہے۔

واضح رہے کہ 28 مارچ کو الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر حلف نہ لینے کے مقدمے میں نومنتخب ارکان کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی نے اجلاس بلا کر حلف نہ لیا تو صوبے کی حد تک سینیٹ انتخابات ملتوی کر دیے جائیں گے۔ فیصلے میں کہا گیا تھا کہ ووٹ ڈالنا ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور کسی کو بھی ووٹ ڈالنے کے حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔

30 مارچ کو خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات مخصوص نشستوں پر منتخب ممبران کے حلف سے مشروط کرنے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق سینیٹر اعظم سواتی نے پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

اعظم سواتی کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات کو التوا کاشکار کرنا غیر قانونی ہے، فیصلہ کالعدم قرار دے کر 2 اپریل کو خیبرپختونخوا میں انتخابات منعقد کیے جائیں۔ پشاور ہائیکورٹ نے چھبیسویں آئینی ترمیم کے بعد نئی درخواست دائر کرنے کی ہدایت کی تھی۔