خیبرپختونخوا (کے پی) حکومت نے قومی ائیرلائن پی آئی اے کی نجکاری میں حصہ لینے کیلئے وزیر نجکاری کو دوبارہ خط لکھ دیا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ کے پی انویسٹمنٹ بورڈ پی آئی اے کی نجکاری میں حصہ لینے کیلئے تیار ہے، کے پی انویسٹمنٹ بورڈ کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔
خیبرپختونخوا انویسٹمنٹ بورڈ کی جانب سے وفاقی وزیر نجکاری کے نام لکھے گئے دوسرے خط میں کہا گیا ہے کہ یکم نومبر کے خط میں صوبائی حکومت نے پی آئی اے کی نجکاری میں دلچسپی کا اظہار کیا تھا۔
اپنے خط میں انویسٹمنٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر نجکاری کو خط کو بھیجے ہوئے 10 دن گزر چکے ہیں، ہم جواب کے منتظر ہیں۔
اس سے قبل اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت پی آئی اے خریدے گی اور اسے اسی نام پی آئی اے سے چلائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ جہاں تک بھی بولی جائے گی دیں گے مگر انہیں پی آئی اے خریدنے نہیں دیں گے، قوم کے سامنے آچکا ہے کہ ان کی نیت کیا تھی، یہ لوگ بالواسطہ خود ہی اونے پونے پی آئی اے خرید رہے تھے۔