ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ

ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برف باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

وادی کالام میں برف باری سے سردی بڑھی گئی اور سیاحوں کی بڑی تعداد نے کالام کا رخ کر لیا۔

ادھر استور کے میدانی علاقوں میں کہیں بارش،کہیں برف باری ہوئی۔ دیوسائی ، برزل ٹاپ اور راما میڈوز میں تین روز میں ایک فٹ سے زیادہ برف باری  کی وجہ سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔

دوسری جانب  وادی نیلم میں تیز بارش اور بالائی علاقوں میں برف باری سے جاگران ویلی سمیت دیگر علاقے برف سے ڈھک گئے۔

اس کے علاوہ شاہراہ نیلم سمیت رابطہ سڑکوں پر پھسلن سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے جبکہ ہٹیاں بالا میں برف باری کے باعث وادی لیپہ سے پبلک ٹرانسپورٹ عارضی طور پر  معطل ہے۔

علاوہ ازیں کوئٹہ میں موسم سرد اور خشک ہے جبکہ ادھر کراچی میں بھی درجہ حرارت میں کمی  سے رات کو ہلکی خنکی ہونے لگی۔