میری طلاق کے بعد بچوں کو کافی تکلیفیں سہنی پڑیں، جاوید شیخ

جاوید شیخ کا شمار پاکستان کے بڑے سپر اسٹارز میں ہوتا ہے۔ فلموں اور ٹی وی میں ان کا کیریئر شاندار رہا ہے ان کی تازہ ترین ڈرامہ سیریل ”کبھی میں کبھی تم“ نے نہ صرف پاکستان بلکہ کئی پڑوسی ممالک میں بھی ،مداحوں کےدل جیت لیے۔ کئی دہائیوں سے راج کرنے والا یہ اداکار دو شادیاں کر چکاہے اوردونوں ناکام ہوچکی ہیں۔

جاوید شیخ نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنی شادی کے ناکام ہو جانے کی وجہ سے بچوں کی زندگی میں آنے والی مشکلات کے بارے میں بات کی۔

انہوں نے کہا کہ میری دو شادیاں ہوچکی ہیں ، پہلی شادی اداکارہ زینت منگی سے ہوئی تھی جس سے میرے دو بچے مومل اور شہزاد ہوئے تھے۔ جبکہ دوسری شادی بھی اداکارہ سلمی آغا سے ہوئی او ر دونوں شادیاں 3 سال ہی چل سکیں۔

جاوید شیخ نے انہیں زندگی کا ناکام اور تکلیف دہ تجربہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پہلی شادی کے ناکام ہونے کی وجہ سے میرے بچے بھی بہت پریشان تھے اور انہوں نے بہت مشکل وقت دیکھا تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جب مومل کی شادی ہورہی تھی تو اس نے مجھے گھر آنے کا کہا تو میں گھر واپس آگیا۔ میں اللہ کا شکر گذار ہوں کہ میرے پاس سب کچھ تھا۔ میں نے ان کی تعلیم سے لے کر شادی تک کے تمام فرض پورے کئے اور میں نے ثابت کردیاکہ میں قصوروار نہیں تھا اور میں نے اپنے دونوں بچوں کی شادی کا فریضہ بھی سر انجام دیا۔