اے آر پر جھوٹے الزامات نہ لگائیں وہ بہترین انسان ہیں، سابقہ اہلیہ

بھارت کے معروف موسیقار اور آسکر ایوارڈ یافتہ اے آر رحمان کی اہلیہ سائرہ بانو نے شوہر سے علیحدگی کے بعد اپنا پہلا ردعمل دیا ہے۔

 ایک آڈیو بیان میں انہوں نے اپنا تعارف سائرہ رحمان کے طور پر کرایا اور کہا کہ وہ صحت کے مسائل کی وجہ سے چنائی چھوڑ کر ممبئی منتقل ہوئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ علاج کے لیے انہیں اے آر رحمان کے مصروف شیڈول کے باعث وقفہ لینے کا فیصلہ کرنا پڑا۔ 

سائرہ بانو نے تامل میڈیا اور یوٹیوبرز سے درخواست کی کہ وہ اے آر رحمان کے خلاف جھوٹے الزامات اور بیان بازی سے گریز کریں کیونکہ وہ ایک عظیم شخصیت اور بہترین انسان ہیں۔

 انہوں نے مزید کہا کہ وہ اور رحمان ایک دوسرے سے گہری محبت کرتے ہیں مجھے ان پر یقین ہے اور ان کے خلاف افواہیں نہ پھیلائی جائیں۔ سائرہ بانو نے واضح کیا کہ انہوں نے اپنی علیحدگی کے بارے میں کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا اور جلد ہی علاج مکمل ہونے کے بعد چنائی واپس جائیں گی۔ 

یاد رہے کہ سائرہ بانو نے 19 نومبر کو شادی کے 29 سال بعد شوہر سے علیحدگی کی خبر دی تھی، لیکن انہوں نے اپنی بیماری کی تفصیلات فراہم نہیں کیں تھیں جوکہ اب سامنے آئی ہیں۔

سائرہ بانو کے اس حالیہ بیان کے بعد ان کے مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ اُٹھی ہے۔