سمندر کنارے سکون کے لیے یوگا کرنے والی جواں سالہ روسی اداکارہ ڈوب کر ہلاک ہوگئی جس کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق 24 سالہ اداکارہ کمیلا بیلیاتسکایا کے ساتھ یہ سانحہ تھائی لینڈ کے مشہور سیاحتی جزیرے کوہ ساموئی پر پیش آیا جہاں ایک بڑی لہر آئی اور کمیلا کو اپنے ساتھ بہا کر لے گئی۔
کمیلا وہاں اپنی ویڈیو بنارہی تھیں اور وہ اکثر و بیشتر وہاں آیا کرتی تھیں، سوشل میڈیا پر جاری اس ویڈیو میں اداکارہ کو سمندر کی بڑی لہر میں ڈوبتے اور اپنی جان بچانے کی کوشش کرتے دیکھا گیا۔
تاہم ایک عینی شاہد نے انہیں بچانے کی کوشش کی لیکن کمیلا موت کے منہ میں چلی گئیں۔
بتایا جارہا ہے کہ کمیلا اس جزیرے پر اپنے بوائے فرینڈ کے ساتھ آئی تھیں۔