الو ارجن کی جھلک دیکھنے ہزاروں مداح پہنچ گئے، بھگدڑ مچنے سے خاتون مداح ہلاک

ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری کے معروف سپر اسٹار الو ارجن کی فلم’پشپا 2‘  کی اسکریننگ خاتون مداح کی ہلاکت اور 2 بچوں کے شدید  زخمی ہونے کا سبب بن گئی۔

الو ارجن کی فلم ’پشپا 2‘  آج 5 دسمبر کو سنیما گھروں کی زینت بنےگی جبکہ یوٹیوب پر 'پشپا 2- دی رول' کے تیلگو، ہندی اور تامل زبان میں جاری کیےگئے ٹریلرز چندگھنٹوں میں ہی ریکارڈ توڑ  ویوز حاصل کر چکے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز پشپا 2 کی اسکریننگ بھارتی حیدرآباد کے سندھیا تھیٹر میں کی گئی تھی، اس موقع پر مداحوں کی بڑی تعداد الو ارجن اور دیگر کاسٹ کی ایک جھلک دیکھنے تھیٹر  پہنچی تاہم بھگدڑ مچنے سے 39 سالہ خاتون مداح ہلاک اور اس کے 2 بچے شدید زخمی ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ ہلاک ہونے والی خاتون اپنے شوہر اور 2 بچوں کے ہمراہ الو ارجن سے ملنے حیدرآباد کے تھیٹر پہنچی تھی لیکن الو ارجن کے پہنچتے ہی شدید بدنظمی دیکھنے میں آئی،  تھیٹر کے باہر موجود ہجوم نے تھیٹر کا مرکزی دروازہ توڑ دیا، اس دوران  بھگدڑ مچنے سے خاتون جاں بحق جبکہ اس کے 2 بچے شدید زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ 

بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ پولیس نے ہجوم کو کنٹرول کرنے کے لیے لاٹھی چارج بھی کیا جس سے لوگ مشتعل ہو گئے جس کے بعد پولیس کی مزید نفری کو حالات کنٹرول کرنے کے لیے طلب کیا گیا۔

'پشپا 2- دی رول' کے ٹریلر میں الو ارجن ایک نئے روپ میں نظر آرہے ہیں، پشپا اب پہلے سے زیادہ طاقتور اور امیر ہو چکا ہے، فلم پہلے پارٹ کی طرح ایکشن سے بھرپور ہے جس میں رومانس کا تڑکا بھی لگایا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پشپا ٹو کے لیے الو ارجن نے پارٹ ون کے مقابلے میں دگنا معاوضہ لیا ہے، ٹریک ٹالی وڈ کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ الو ارجن نے 'پشپا 2' کے لیے حیران کن طور  پر 300 کروڑ  بھارتی روپے معاوضہ لیا ہے، یہ معاوضہ بالی وڈ کے بڑے اداکاروں کی فلم کے بجٹ سے بھی زیادہ ہے۔