ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری، سردی بڑھ گئی، پارہ منفی 7 تک گرگیا

ملک کے مختلف علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے، بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری سے وادیوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی، غذر میں درجہ حرارت منفی 7 تک گرگیا ہے۔

جاڑا دھوم مچانے لگا، ملک کے بالائی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، مشہور سیاحتی مقام ناران، کاغان، شوگران، وادی نیلم سمیت آزاد کشمیر کے پہاڑوں پر برف باری سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے، استور اور مری میں بھی برف باری جاری ہے۔

ترجمان کاغان ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے مطابق ناران بازار میں ایک انچ تک برف پڑچکی ہے۔

آزاد کشمیر 8 مقام کے بالائی علاقوں جاگراں، لوات بالا، اڑنگ کیل، گریس، شونٹر میں برف باری جب کہ زیریں علاقوں میں بارش جاری ہے۔

گلگت بلتستان کے ضلع استور میں برف باری سے موسم سرد ہے، ملکہ کوہسار مری میں بھی بارش اور موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی، جس کے باعث سیاحوں نے بھی بڑی تعداد میں ملکہ کوہسار کارخ کرلیا جبکہ غذر میں درجہ حرارت منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرگیا۔

پنجاب میں اوکاڑہ اور میانوالی میں دسمبر کی پہلی بارش ہوئی جبکہ کراچی میں بھی موسم سرد ہوگیا، صبح سویرے درجہ حرارت 12 ڈگری تک گرگیا۔