شاہین کو داماد بنانے سے قبل انکوائری کروائی تھی: شاہد آفریدی

سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہےکہ انہوں نے شاہین آفریدی کو داماد بنانے سے قبل انکوائری کروائی تھی۔

عالمی اردو کانفرنس کے سیشن ’میں ہوں کراچی ‘ میں دوران گفتگو سابق کپتان نے کئی موضوعات پر بات کی۔

بیٹی انشا کیلئے داماد شاہین آفریدی کے انتخاب کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ’ کوئی بھی انسان بیٹی کا ہاتھ بنا سوچے سمجھے کسی کے ہاتھ میں نہیں دیتا، شاہین کی تربیت اچھی ہوئی تھی، میرے بڑے اور شاہین کے بڑے آپس میں ایک دوسرے کو اچھی طرح سے جانتے تھے لیکن جب ہم کراچی شفٹ ہوئے  تو شاہین کی فیملی سے ہمارا اتنا رابطہ نہیں رہا لیکن  شاہین نے جتنے لوگوں کی نگرانی میں کھیلا،  سب کوچز نے بھی شاہین کی بہت تعریف کی تھی‘۔

شاہین آفریدی کیلئے انکوائری کیے جانے کے سوال پر شاہد آفریدی نے کہا کہ انکوائری کروائی گئی تھی، بیٹی کے رشتے کے وقت انکوائری بہت ضروری ہے لیکن کسی بھی رشتے کو آگے چلانے کیلئے لڑکا اور لڑکی دونوں کو اچھا ہونا ضروری ہے تاکہ ہمارے ملک کیلئے ایک اچھی نسل تیار ہوسکے۔

میزبان کے نانا بن جانے کے سوال پر سابق کپتان کا کہنا تھاکہ ابھی خود کو نانا نہیں مانتا، جب پانچویں بیٹی کی شادی ہوگی اس کے بھی بچے ہوجائیں  تو پھر نانا مانوں گا۔

یاد رہے کہ قومی کرکٹر شاہین آفریدی 3 فروری 2023 کو سابق کپتان شاہد آفریدی کی صاحبزادی انشا کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے، دونوں کے ہاں رواں برس پہلے بیٹے کی ولادت ہوئی ہے۔