آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے کرکٹ بورڈز نے چیمپئنز ٹرافی کے معاملے میں پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کے موقف کی حمایت کردی۔
ذرائع کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے پاکستان، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) اور بی سی سی آئی کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار ہے اور اب آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ بورڈ نے بھی اس معاملے میں انٹری مار لی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ تینوں بورڈز کی جانب سے آئی سی سی سے رابطہ کیا گیا اور معاملہ جلد حل کروانے پر زور دیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ تینوں بورڈز کی جانب سے آئی سی سی کو کہا گیا ہے کہ چیمپئینز ٹرافی پر غیر یقینی صورتحال ہے تمام چیزوں سے آگاہ کیا جائے، چیمپئینز ٹرافی کا شیڈول ابھی تک اعلان نہیں ہوا اور ابھی تک کوئی چیز واضح نہیں۔
بورڈز کی جانب سے کہا گیا کہ آئی سی سی کو ابھی سے طے کرلینا چاہیے کہ چیمپئنز ٹرافی اور اگلے ٹورنامنٹس میں کیا ہوگا۔
تینوں بورڈز نے پی سی بی کے حق میں بات کی اور موقف اختیار کیا کہ اگر اس مرتبہ بھارت پاکستان نہ جانے کا کہ رہا ہے آئندہ کسی بھی ملک میں جانے سے منع کرسکتا ہے اسکا حل نکلنا چاہیے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ایک مرتبہ پھر آئی سی سی کو انکار کردیا ہے اور بھارتی کرکٹ بورڈ جب تک دستخط نہیں کرے گا پاکستان اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔
پی سی بی ذرائع نے بتایا کہ وفاقی حکومت اس مرتبہ کسی قسم کا رسک نہیں لینا چاہتی اور تحریری طور پر گارنٹی آئے گی تو بات آگے بڑھے گی۔