بارڈر گواسکر ٹرافی کے دوسرے ٹیسٹ میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بھارتی فاسٹ بولر محمد سراج اور آسٹریلوی بیٹر ٹریوس ہیڈ کوسزا کا سامنا کرنا پڑ گیا۔
اتوار کو ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن آسٹریلیا نے جیت کے لیے مطلوبہ 19 رنز کا ہدف بغیر کوئی وکٹ کھوئے حاصل کر لیا تھا، بارڈر گواسکر ٹرافی کے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں انڈین کرکٹ ٹیم 180 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔
تاہم دوران میچ آسٹریلوی بیٹر ٹریوس ہیڈ کو 140 رنزپرآؤٹ کرنےکے بعد محمد سراج نے اشتعال انگیز انداز میں جشن منایا اور نامناسب اندازمیں ڈریسنگ روم جانے کا اشارہ کیا تھا۔
جس کے جواب میں ٹریوس ہیڈ نے بھی نامناسب رویہ اختیار کیا تھا اور دونوں کھلاڑیوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا تھا۔
دوران میچ ناخوشگوار واقعہ پیش آنے کے بعد آسٹریلوی سابق کرکٹرز اور کمنٹیٹرز کی جانب سے بھی محمد سراج پر تنقیدکی گئی تھی۔
تاہم پیر کو فاسٹ بولرمحمد سراج کو کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کیا گیا۔
آئی سی سی نے محمد سراج پرمیچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کیا جبکہ سراج اور ٹریوس ہیڈ کو ایک ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دیا گیا۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ محمد سراج اور ٹریوس ہیڈ نے اپنی غلطی تسلیم کرلی ہے۔
واضح رہے کہ بھارت نے 5 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا کو 295 رنز سے شکست دی تھی جب کہ دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز کو ایک، ایک سے برابر کردیا۔