نئے سال 2025 کی آمد پر گورنر خیبرپختونخوا نے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ 2024 کا سال پوری قوم کیلئے آزمائشوں اور کامیابیوں کا سنگ میل ثابت ہوا، اب 2025 میں ہمیں ایک نئے عزم کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کو نئے سال کی آمد پر بہت ساری دعاؤں کے ساتھ مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
فیصل کریم کنڈی نے نئے سال کے حوالے سے کہا کہ 2024 کا سال ہماری قوم کے لیے آزمائشوں اور کامیابیوں کا سنگ میل ثابت ہوا، اس سال ہم نے مل کر مشکلات کا مقابلہ کیا اور بے شمار چیلنجز کے باوجود ترقی کی راہیں کھولیں، 2025 میں ہمیں ایک نئے عزم کے ساتھ آگے بڑھنا ہے، ہمارے سامنے ابھی تکمیل کی منزلیں اور بلند اہداف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2025 میں ہمیں اپنی مکمل صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنا ہوگا، اور آگے بڑھنے کے نت نئے راستے دریافت کرنا ہوں گے تاکہ ہم اپنے عظیم وطن کو ترقی کی نئی بلندیوں تک لے جا سکیں۔ 2025 کا سال پاکستان کے لیے امید، استحکام اور ترقی کا سال ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ سال ہمارے لیے ایک نیا آغاز اور بہتر مستقبل کی نوید ہے، ہمیں اپنے عوام کی فلاح و بہبود، معیشت کی پائیدار ترقی اور اداروں کی اصلاحات کے لیے بھرپور اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ یہ سال ہمارے نوجوانوں کے لیے مواقع کا سال ہوگا۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ ہمیں مل کر اس قوم کے روشن مستقبل کے لیے راہ ہموار کرنی ہے، پاکستان کا مستقبل اس بات پر منحصر ہے کہ ہم کس طرح اپنے اتحاد، محنت اور وژن سے ایک مضبوط اور خوشحال ملک کی بنیاد رکھتے ہیں۔