لوئر کرم میں فائرنگ سے ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود زخمی، اسپتال منتقل

ضلع کرم: لوئر کرم میں گاڑی پر فائرنگ سے ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود زخمی ہو گئے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق لوئر کرم کے علاقے بگن میں ضلعی انتظامیہ کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود زخمی ہو گئے۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زخمی ڈپٹی کمشنر کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے تاہم ذرائع کا بتانا ہے کہ فائرنگ سے زخمی ڈپٹی کمشنر کرم کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کیا جا رہا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ لوئر کرم کے علاقہ بگن میں وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

پولیس کے مطابق بگن میں فائرنگ سے ایک ایف سی اہلکار، ایک پولیس اہلکار اور 3 راہگیر بھی زخمی  ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

آر پی او کوہاٹ نے  تصدیق کی کہ بگن میں فائرنگ سے ڈپٹی کمشنرکرم زخمی ہوئے ہیں، فائرنگ فریقین نے نہیں کی، نامعلوم افراد کی جانب سے کی گئی، ملزمان کی تلاش جاری ہے، علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ قافلےکو ہنگو کی تحصیل ٹل سے نکلنا ہے لیکن قافلہ ابھی نہیں نکلا، مشاورت اور صورتحال کا جائزہ لینے کےبعد قافلہ نکلے گا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل ہی کرم تنازع پر فریقین کے درمیان امن معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت ٹل پارہ چنار شاہراہ کو 3 ماہ بعد آج کھولا جانا تھا۔