حکومت تحریک انصاف مذاکرات، اعتماد سازی کا فقدان سب سے بڑی رکاوٹ

حکومت پی ٹی آئی مذاکرات میں اعتماد سازی کا فقدان سب سے بڑی رکاؤٹ ہے ،عمران خان کے گرین سگنل کے باوجود پی ٹی آئی نے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کیلئے حکومت یا قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے رابطہ نہیں کیا سوشل میڈیا کےذریعے نیا بیانیہ ،تاثر دیا جا رہا ہے کہ مذاکرات کی ضرورت حکومت کو ہے پی ٹی آئی کو نہیں ، پارلیمانی ذرائع کا کہنا ہے کہ سپیکر سردار ایاز صادق کی سیکرٹریٹ کو ہدایت ہے کہ پی ٹی آئی جب بھی تیار ہو مذاکرات شروع کئے جا سکتے ہیں ،ذرائع نے کہا کہ پی ٹی آئی اور دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ طاقتور اداروں کے مابین ایک بڑا گیپ آگیا ہے ،پی ٹی آئی مذاکرات کے حوالے سے ایک الگ بیانیے پر سوشل میڈیا کے ذریعے پروپیگنڈہ کر رہی ہے جس کے ریعے تاثر دیا جا رہا ہے کہ مذاکرات کی ضرورت حکومت کو ہے پی ٹی آئی کو نہیں ،اسلام آباد میں متعلقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث بیشتر ملزم جن کی سزائیں معاف ہوئیں وہ سوشل میڈیا کے ذریعے یکطرفہ مہم چلا رہے ہیں ۔ذرائع نے بتایا کہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ مذاکرات کیلئے ماحول بہتر بنانے کی غرض سے فریقین سے رابطہ کاری بڑھا رہاہے تاکہ فریقین ایک دوسرے کیلئے تحمل ،برداشت کے جذبے کے تحت ڈائیلاگ کی طرف بڑھ سکیں ،پارلیمانی ذرائع نے مزید کہاکہ فریقین کے درمیان اعتماد سازی کے فقدان کی وجہ سے مذاکرات کا عمل آگے نہیں بڑھ سکا اس کیلئے سیاسی مفادات سے ہٹ کر سیاسی دانش پر انحصار ضروری ہے۔