عمران خان سے ملاقات کے بغیر حکومت سے مذاکرات کی تیسری نشست ہونا مفید نہیں، حامد رضا

تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان صاحبزادہ حامد رضا نے اعلان کیا ہے کہ اگر عمران خان سے ملاقات کے بغیر تیسری مذاکراتی نشست ہوئی اور 9 مئی اور 26 نومبر پرجوڈیشل کمیشن نہیں بنایا گیا تو شاید چوتھی مذاکراتی نشست نہ ہو۔

منگل کی رات تک ہم نے مذاکرات میں ڈیڈلاک کا اعلان کردیا تھا مگر بدھ کو بانی پی ٹی آئی کی طرف سے پیغام آیا ہے کہ حکومتی کمیٹی کو دو مطالبات لکھ کر دیدیں جو کہ ہم دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرانے کا وعدہ پورا نہیں کرسکی،  اب حکومت بھی لکھ کر دے کہ اُس کے کوئی مطالبات نہیں ہیں۔ 

حامد رضا نے کہا کہ عمران خان سے ملاقات کے بغیر حکومت سے مذاکرات کی تیسری نشست ہونا مفید نہیں، 9 مئی، 26 نومبر پر کمیشن نہ بنا تو شاید چوتھی نشست نہ ہو۔

صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ تیسری نشست میں جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ پورا ہو گیا تو ہمارا دوسرا مطالبہ پورا ہونے کے لیے 10،12 دن بچ جائیں گے۔ ہم کمیٹی کمیٹی نہیں کھیلنا چاہتے، عملی اقدامات چاہتے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ اگر مذاکرات کےدوران گفتگو سے اجتناب کرنا ہے تو دونوں فریقوں کو کرنا ہوگا۔ 

ان کا کہنا تھا کہ بگنگ ڈیوائس لگا کر سننے والے لوگ شاید نہیں چاہتے کہ بانی پی ٹی آئی سے یہ ملاقات ہو، ہم صاف بات کررہے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی اور تمام اسیرقانونی جنگ لڑکر ہی باہر آئیں گے، مذاکرات ناکام بھی ہوتے ہیں توبھی بانی پی ٹی آئی کوباہر آتا دیکھ رہا ہوں۔