پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ پنجاب میں کسان دشمن پالیسی چل رہی ہے،یہ لوگ جھوٹ بولنے کے ماہر ہیں
پشاور میں مشیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے کہا معیشت ہم نے صحیح سمت میں ڈال دی ہے، پنجاب اور یہاں کی معیشت کا موازنہ کرانا چاہتے ہیں، ہمارے وقت میں غربت کی شرح 12 فیصد اور ان کے وقت میں 13 فیصد تھی۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ ہمارے دور میں 31ارب جبکہ 2024میں 26ارب کی برآمدات ایکسپورٹ ہوئی ہیں، 2022 میں غربت کی شرح 35 فیصد تھی جبکہ ان کے دور میں 44 فیصد ہے۔
انہوں نے کہا کہ شرح سود بھی ان کے دور میں بڑھ گئی ہے، 408 ارب سے زیادہ یہ خسارے میں جا رہے ہیں، ان کے دور میں پی آئی اے سمیت سارے ادارے خسارے میں جا رہے ہیں۔
سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی نے کہا کہ قوم کے اداروں کو انہوں نے اپنے پاں پر کھڑا نہیں کیا، بنیادی صحت یونٹس کو مریم نے اپنے نام سے منسوب کردیے ہیں، کالج اور یونیورسٹی سب اپنے خاندان سے منسوب کررہے ہیں۔
شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ کسان دشمنی کی پالیسی پنجاب میں چل رہی ہے، پی ٹی آئی نے مرغیوں کا پروگرام شروع کیا تو یہ مذاق اڑانے لگے اور اب یہ لوگ خود مذاق بن گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کے وزیر خزانہ نے کہا کہ ڈیڑھ لاکھ نوکریاں ختم کر رہے ہیں، یہ لوگوں کو دھوکا دے رہے ہیں کیونکہ وہ سیٹیں تو پہلے سے خالی پڑی تھیں۔
اس موقع پر مزمل اسلم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تبدیلی پہلے لاہور سے ہوتی تھی اب پشاور سے ہوتی ہے، بانی پی ٹی آئی نے جب کہا ملک کا قرض اتاریں گے تو یہ مذاق اڑاتے رہے، 725کے پی کا مجموعی قرض ہے، اتنا قرض شہباز نے صرف ایک ہفتے میں لیا۔
مزمل اسلم نے کہا کہ اشیا خوردونوش سمیت دیگر اشیا کی قیمتوں میں کئی گناہ اضافہ ہوا آٹا کی 36 فیصد قیمت کو جبرا کم کیا گیا، آٹے کی جبرا قیمت کم کرنے سے انہیں مستقبل میں نقصان ہوگا، 18 لاکھ لوگ پاکستان سے باہر چلے گئی۔
انہوں نے 18 لاکھ لوگوں کو مجبور کیا کہ یہاں سے چلے جائیں، اسٹاک ایکسچینج 52 ہزار پوائنٹس بڑھی ہے، اسٹاک مارکیٹ 5 سو میں سے 5 کمپنیوں کی وجہ سے بڑھی ہے، دو کمپنیوں نے عوام کا خون چوسا۔