پشاور میں سوئی گیس پریشر میں کمی کے باعث دفعہ 144 کے تحت سی این جی اسٹیشنز کھولنے پر پابندی عائد کردی گئی، 19 جنوری تک سی این جی اسٹیشن بند رہیں گے۔
ڈپٹی کمشنر پشاور کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق گھریلو صارفین کو سوئی گیس پریشر میں کمی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے، گھریلو صارفین کو سوئی گیس فراہمی کے لیے شہر میں سی این جی اسٹیشنز پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
دفعہ 144 کے تحت سی این جی اسٹیشن کھولنے پر پابندی ہوگی اور سی این جی اسٹیشن 19 جنوری تک بند رہیں گے، خلاف ورزری پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب سی این جی اسٹیشن بند ہونے سے رکشہ ڈرائیورز نے سلنڈر گیس کا استعمال شروع کردیا ہے جس کے باعث رکشہ کے کرائے بڑھا دیے ہیں۔
سی این جی اسٹیشن بند ہونے سے شہر میں سی این جی سے چلنے والی گاڑیوں کا رش بھی کم رہا۔