گھروں میں فساد کام والیاں کرواتی ہیں: صبا فیصل

پاکستان کی معروف سینئر اداکارہ صبا فیصل نے حال ہی میں احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں ایک اہم انکشاف کیا، جہاں انہوں نے گھریلو لڑائیوں کی وجہ گھریلو ملازماؤں کو قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گھروں میں ہونے والے فساد کی سب سے بڑی وجہ گھر میں کام کرنے والی ملازمائیں ہوتی ہیں، جو ایک دوسرے کے بارے میں باتیں کرکے اختلافات پیدا کرتی ہیں۔

صبا فیصل نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ملازمائیں ایک دوسرے کے ساتھ باتوں کا تبادلہ کرتی ہیں اور کسی کی بات دوسرے تک پہنچا دیتی ہیں، جس کی وجہ سے لڑائیاں شروع ہو جاتی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے اپنے گھر میں ایک اصول بنایا ہے کہ کام والی کسی بھی شخص سے بات نہیں کرے گی اور دو ملازمائیں آپس میں بھی بات نہیں کریں گی۔ اگر کوئی ملازمہ ہمدردی کے بہانے کسی کے بارے میں برائی کرتی ہے، تو وہ فوراً انہیں ڈانٹ دیتی ہیں اور کہتی ہیں کہ صرف اپنا کام کرو۔

اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ ان کے لیے ان کے تمام بچے اور بہوئیں برابر ہیں، اور اگر کوئی بھی ان کے بارے میں منفی بات کرتا ہے تو وہ فوراً روک دیتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گھروں کی تباہی کی ذمہ داری دراصل یہ ملازمائیں ہی ہوتی ہیں جو ایسی باتیں پھیلانے کا سبب بنتی ہیں۔

یاد رہے کہ کچھ عرصہ پہلے صبا فیصل اور ان کی بہو اور بیٹے کے درمیان اختلافات کی خبریں سامنے آئی تھیں، جن کی تصدیق خود صبا فیصل نے بھی کی تھی، تاہم بعد میں دونوں طرف سے صلح ہو گئی تھی۔