بالی وڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کی عمر 82 سال ہے مگر وہ اس کے باوجود بھی صحت مند نظر آتے ہیں۔
امیتابھ بچن کو ماضی میں تب دق جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑا لیکن انہوں نے کامیابی سے ان مسائل پر قابو پالیا، آج بھی وہ اپنے گھر سے جب مداحوں کو اپنی جھلک دکھاتے ہیں تو وہ توانائی سے بھرپور نظر آتے ہیں۔
ان کے مداح اس سوال کی کھوج میں رہتے ہیں کہ ان کی اس عمر میں بھی فٹنس کا راز کیا ہے؟
حال ہی میں اُن کی فٹنس ٹرینر ورندا مہتا نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ امیتابھ بچن فٹ رہنے کے لیے سخت ورزش کرتے ہیں، اگر امیتابھ بچن 82 سال کی عمر میں ورزش کرتے ہیں تو باقی لوگ کیوں نہیں کرسکتے؟
انہوں نے کہا کہ جب کسی کو معلوم ہو کہ یہ چیز آپ کے لیے بہتر ہے تو آپ اس کے بارے میں سوچتے نہیں، اگر امیتابھ بچن اپنے مصروف شیڈول اور معمر ہونے کے باوجود ورزش کے لیے وقت نکال سکتے ہیں تو عام لوگوں کو بھی نکالنا چاہیے۔
ورندا نے امیتابھ بچہن کی فٹنس روٹین کے بارے میں مزید کہا کہ میرے سیشنز امیت جی کے ساتھ زیادہ تر سانس لینے کی ورزشوں پر مبنی ہوتے ہیں،ہم سانس کی بنیادی ورزشوں سے شروع کرتے ہیں اور پھر یوگا اسٹریچز کرتے ہیں۔
ایک اور ٹرینر ٹرینر شیواہم، جو امیتابھ بچن کے ساتھ بھی کام کرتے ہیں، انہوں نے اداکار کے غیر معمولی عزم کو نمایاں کرتے کہا کہ امیتابھ بچن ہمیشہ جسمانی مشقوں کے لیے تیار رہتے ہیں، چاہے وہ صبح ہو، دوپہر ہو، شام ہو یا میٹنگز کے درمیان، کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ یہ ان کے لیے بہت ضروری ہے۔
جہاں تک بات کی جائے امیتابھ بچن کی خوراک کے بارے میں تو خود امیتابھ بچن نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ وہ دن کی شروعات تلسی کے پتوں سے کرتے ہیں، جس کے بعد ناشتے میں پروٹین شیک، بادام، دلیہ، ناریل پانی شامل ہوتا ہے، ان کے دیگر پسندیدہ کھانوں میں آملہ جوس اور کھجور شامل ہیں۔
اپنی کھانے کی عادات پر بات کرتے ہوئے بگ بی نے انکشاف کیا کہ جوانی میں وہ نان ویج کھایا کرتے تھے لیکن اب انہوں نے نان ویج، میٹھا اور چاول وغیرہ کھانے چھوڑ دیے ہیں۔
امیتابھ بچن کے بقول میٹھے سے پرہیز اور چینی کے استعمال کو محدود کرنا ان کی طرز زندگی کی وہ اہم تبدیلیاں ہیں جنہوں نے انہیں فٹ رہنے اور موٹاپے جیسے مسائل سے بچنے میں مدد فراہم کی ہے۔