فیروز خان کو اسٹار بنانے میں میرا ہاتھ ہے، یاسر نواز کا دعویٰ

پاکستانی اداکار،ہدایت کار اور پروڈیوسر یاسر نواز نے انکشاف کیا ہے کہ فیروز خان کو اسٹار بنانے میں انکا بڑا ہاتھ ہے۔

یاسر نواز پاکستانی شوبز انڈسٹری کا ایک ایسا نام ہے جسے ہر فن مولا کہا جائے تو غلط نہ ہوگا، کامیڈی سے لے کر سنجیدہ کرداروں تک یاسر نواز ہر رنگ میں خود کو ڈھالنے کے ہنر سے باخوبی واقف ہیں۔

’دل موم کا دیا’، باغی، بکھرا میرا نصیب، میرا دل میرا دشمن جیسے ڈراموں میں انکی اداکاری کو بے حد پسند کیا جاتا ہے جبکہ ان کی ہدایت کاری میں بننے والے مشہور ڈرامے غیر، شک، خود غرض، تھوڑی سی وفا چاہیے بھی ناظرین میں بے حد مقبول ہوئے۔

ان دنوں یاسر نواز مختلف انٹرویوز کا حصہ بنے نظر آرہے ہیں ، حال ہی میں انہوں نے اشنا شاہ کے ٹاک شو ’آفٹر آر ود اشنا شاہ’ کے شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے کئی اہم موضوعات پر گفتگو کرنے کے ساتھ  فیروز خان سے متعلق بھی اہم انکشاف کردیا۔

دوران انٹرویو جب میزبان اشنا شاہ کی جانب سے یاسر نواز سے  سوال کیاگیا کہ انہوں نےموجودہ سپر اسٹار فیروز خان کے کیریئر کا آغاز کیسے کیا؟

اس کے جواب میں یاسر نواز نے ڈراما سیریل ’چپ رہو’ جو کہ فیروز خان کا ڈیبیو پراجیکٹ تھا ، اس کے پس پردہ کی کہانی بیان کرتے ہوئے بتایا کہ فیروز کو کاسٹ کرنے کی کہانی سنادی۔

یاسر نواز کے مطابق ان کے اسسٹنٹ نے انہیں مشورہ دیاتھا کہ انکی نظر میں ایک نیا لڑکا ہے جو اداکارہ حمیمہ ملک کا بھائی ہے یہ سن کر یاسر نے اپنے اسسٹنٹ کو کہا کہ فیروز کا نمبر ڈھونڈو اور  انہیں کہو کہ مجھے کال کریں۔

یاسر نواز نے بتایا کہ اسی دن فیروز میرے گھر آیا اور تقریباً بیس سے پچیس منٹ ہماری اسی موضوع پر گفتگو ہوئی جسے کے بعد مجھے احساس ہوا کہ اس بندے میں دم ہے۔بس پھر کیا تھا میں نے فیروز کو ڈراما ’چپ رہو’ کیلئے کاسٹ کرلیا اور خدا کا کرنا ایسا تھا کہ فیروز کا کردار اور یہ ڈراما دونوں ہی ہٹ ہوگئے اور  یہ فیروز خان کے شاندار کیریئر کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوا۔

یاسر نواز نے مزید یہ انکشاف بھی کیا کہ اب ایک ایسے پراجیکٹ کی تیاری کر رہے ہیں جس میں فیروز خان انکے بیٹے کے کردار میں نظر آئیں گے۔