سینئر اداکارہ فائزہ حسن نے جوائنٹ فیملی سسٹم کو رشتوں میں تیزابیت پیدا کرنے کی وجہ قرار دے دیا۔
فائزہ حسن نے اپنے ایک انٹرویو میں جوائنٹ فیملی سسٹم پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈراموں میں رشتوں کو زہریلا دکھایا نہیں جاتا بلکہ رشتہ زہریلا بن جاتا ہے۔
انہوں نے کہا میری ذاتی رائے یہ ہے کہ جوائنٹ فیملی ہمارے برصغیر کی پیداوار ہے اور مغربی ممالک میں ایسا نہیں ہوتا، جوائنٹ فیملی کی وجہ سے رشتے میں تیزابیت پیدا ہوجاتی ہے۔
فائزہ حسن کا کہنا تھا کہ اگر سب لوگ الگ الگ اپنی زندگی سکون سے گزاریں تو کوئی مسئلہ نہیں ہوگا، بہت سے رشتے ایک مناسب فاصلہ چاہتے ہیں اور ایک ساتھ رہنے کی وجہ سے وہ مناسب فاصلہ کم ہوجاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب کو خود سوچنا چاہیے کہ ایک دوسرے کے اتنے قریب نہیں رہیں کہ ایک دوسرے کو تباہ کردیں۔