معاشی چیلنجز کم ہورہے ہیں، معیشت میں بہتری آرہی ہے: شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک کے ریویو میں شرح سود مزید کم ہونے کی توقع ہے۔

آزاد کشمیر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معاشی چیلنجز کم ہورہے ہیں، معیشت میں بہتری آرہی ہے، ایکسپورٹس اور ترسیلات زر میں اضافہ اور قرضہ کم ہو رہا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے، جب تک کشمیریوں کو حق خود ارادیت نہیں ملتا پاکستان وفا نبھائے گا، سپہ سالار جنرل عاصم منیر کی کشمیر کاز سے وابستگی غیر متزلزل ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر میں دانش اسکول کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے، دانش اسکول کی بنیاد پنجاب میں نواز شریف نے رکھی، نواز شریف کی قیادت میں ہزاروں بچے اور بچیاں دانش اسکول کے ذریعے انجینئر بن گئے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر کے دانش اسکولوں کے 100 فیصد اخراجات وفاقی حکومت اٹھائے گی، پنجاب میں دانش اسکولوں کے بیشتر طلباء اے گریڈ لاتے ہیں۔