حکومتی اقدامات سے حج اخراجات گزشتہ برس سے بھی کم ہو گئے

سرکاری اسکیم کے تحت حج درخواستیں جمع کرانے والوں کے لیے خوشخبری ہے کہ اب عازمین کو گزشتہ سال  کی نسبت کم خرچ پر زیادہ سہولیات ملیں گی۔ حکومت نے حج اخراجات کا حتمی تخمینہ تیار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق 40 روز کے سرکاری حج پیکج کی قیمت ساڑھے 10 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے ،  ابتدائی طور پر 10 لاکھ  75  ہزار  سے  11  لاکھ  75  ہزار کا تخمینہ لگایا گیا تھا، وزارت مذہبی امور نے ابتدائی تخمینے کی بنیاد پر ہی حج درخواستیں وصول کیں۔

سعودی عرب میں معاہدوں کے بعد حج اسکیم کا حتمی تخمینہ تیار کر لیا گیاہے ،  کم دورانیے کے شارٹ حج پیکج کی قیمت 11 لاکھ روپے فی کس ہوگی، وزارت مذہبی امور حتمی حج اخراجات کا اعلان چند روز میں کرے گی۔ سعودی عرب میں معاہدوں کے بعد ہوٹل کے اخراجات میں نمایاں کمی ہوئی ہے ۔

ذرائع کے مطابق ہوٹل کے ڈبل بیڈ کے اضافی چارجز میں 74 ہزار روپے کم کردیئے گئے، ڈبل بیڈ کے 2 لاکھ  59 ہزار کی بجائے اب ایک لاکھ 85 ہزار روپے لیے جائیں گے، ٹرپل بیڈ کے اضافی چارجز بھی ساڑھے 86 ہزار سے کم ہوکر 63 ہزار مقرر کیئے گئے ہیں ۔

تمام عازمین حج کو منی میں روم کولر کی جگہ اب ایئرکنڈیشن کی سہولت ملے گی، کپڑے کے خیمے کی جگہ جیسم بورڈ،میٹرس کی جگہ صوفہ کم بیڈ کی سہولت شامل ہے ، اس سال منی میں عازمین حج کے لیے شیلف کی سہولت بھی حج پیکیج میں شامل کی گئی ہے ۔