راکھی ساونت پاکستانی اداکار سے شادی کرنےلاہور پہنچ گئی، بھارتی میڈیا کا دعوی

بھارتی اداکارہ اور ڈانسر راکھی ساونت حال ہی میں پاکستانی اداکار دودی خان کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھنے کے لیے لاہور پہنچ گئی ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، راکھی ساونت نے لاہور میں اپنی آمد کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ وہ پاکستانی شوبز کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر کے ساتھ کام کرنے کے لیے یہاں آئی ہیں۔

راکھی نے انکشاف کیا کہ پاکستانی اداکار دودی خان نے انہیں شادی کے لیے پرپوز کیا اور انہوں نے خوشی خوشی اس پیشکش کو قبول کیا۔

دونوں کی محبت کی داستان اب حقیقت بننے جا رہی ہے۔ راکھی نے کہا کہ دودی میرا پیار ہے اور ہم ایک دوسرے سے دل سے محبت کرتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ چونکہ دودی پاکستان سے ہیں اور وہ بھارت سے ہیں، اس لیے یہ ایک محبت کی شادی ہو گی۔

راکھی ساونت نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر دودی خان کا ایک ویڈیو کلپ بھی شیئر کیا، جس میں دودی خان راکھی سے پوچھ رہے ہیں کہ کیا انہیں شادی کے موقع پر بھارت یا دبئی جانا چاہیے۔ ویڈیو کا اختتام دودی خان کے میٹھے ”لو یو“ کہنے پر ہوتا ہے۔

اس سے قبل، راکھی ساونت نے اپنے سوشل میڈیا پر اعلان کیا تھا کہ وہ ہانیہ عامر سے ملنے کے لیے پاکستان آرہی ہیں اور ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کرنے کو کہا۔ اس کے بعد، انہوں نے اپنی ایک اور ویڈیو میں پاکستان کی ڈانسرز، جیسے نرگس اور دیدار کو ڈانس آف کا چیلنج بھی دیا تھا۔

راکھی ساونت نے کہا کہ ان کی شادی پاکستان میں اسلامی رسومات کے مطابق ہوگی، جبکہ استقبالیہ بھارت میں ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ اپنے سہاگ رات کے لیے سوئٹزرلینڈ یا ہالینڈ جائیں گے اور دبئی میں اپنے نئے زندگی کا آغاز کریں گے۔

اس دوران، راکھی نے ہندوستان میں ٹک ٹاک پر عائد پابندی کے حوالے سے وزیر اعظم نریندر مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر پابندی ہٹائی نہ گئی تو وہ پاکستان جانے پر مجبور ہو جائیں گی۔

راکھی ساونت نے اس بات کو مزید بڑھاتے ہوئے کہا کہ دبئی میں ان کی زندگی کے نئے آغاز کے لیے سب کچھ تیار ہے۔

یاد رہے کہ یہ راکھی ساونت کی تیسری شادی ہوگی، اس سے پہلے ان کی عادل درانی اور ریتیش راج سنگھ کے ساتھ شادیاں ناکام ہوچکی ہیں۔