ماہرہ خان کا نیا روپ، ساڑھی میں ایسا انداز جس نے مداحوں کو حیران کر دیا

ساڑھی جو بھارتی خواتین کا مرکزی لباس ہے ایک بار پھر پاکستانی فیشن انڈسٹری میں مقبولیت حاصل کر رہی ہے۔ قیام پاکستان سے قبل اور اس کے بعد کئی دہائیوں تک تقریبات میں خواتین ساڑھی پہننا پسند کرتی تھیں، مگر وقت گزرنے کے ساتھ اس کا رجحان کم ہو گیا۔ تاہم حالیہ دنوں میں مشہور پاکستانی اداکاراؤں کے فوٹو شوٹس نے ساڑھی کے فیشن کو دوبارہ زندہ کر دیا ہے۔

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اور خوبصورت اداکارہ ماہرہ خان نے بھی ساڑھی میں اپنی دلکش تصاویر شیئر کر کے مداحوں کو حیران کر دیا۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ان کی نئی تصاویر نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی۔ ماہرہ خان نے کراچی کے ساحل پر منفرد انداز میں ساڑھی زیب تن کی، جو ان کے پچھلے انداز سے کافی مختلف اور بھارتی ساڑھی اسٹائل سے ملتی جلتی تھی۔

سرخ اور پیلے رنگ کے امتزاج کی ساڑھی میں ماہرہ خان کا نیا روپ بے حد پسند کیا گیا۔ ان کی تصویروں میں ان کا چہرہ واضح نظر نہیں آرہا، مگر ساڑھی کے ہر زاویے نے ان کے خوبصورت اسٹائل کو نمایاں کر دیا۔ ایک پوز میں وہ ساڑھی کے آنچل سے اپنا چہرہ چھپاتی دکھائی دیں جبکہ سورج کی روشنی نے ان کے حسن میں مزید چار چاند لگا دیے۔

 

ماہرہ خان کے اس انداز نے جہاں مداحوں کو متاثر کیا وہیں انہیں تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا، خاص طور پر ان کی کھلی کمر کو لے کر کمنٹ سیکشن میں ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آیا۔ تاہم ان کے بھارتی مداحوں نے ان کے نئے انداز کی بھرپور تعریف کی اور انہیں سراہا۔

ساڑھی کا یہ ٹرینڈ ایک بار پھر پاکستانی فیشن میں جگہ بنا رہا ہے اور مشہور شخصیات کی جانب سے اسے اپنانے کے بعد کئی خواتین بھی اس منفرد اور روایتی لباس کو تقریبات میں پہننے کو ترجیح دے رہی ہیں۔