عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار عاطف اسلم نے ویلنٹائن میم سوشل میڈیا پر شیئر کرکے ٹرینڈ اپنے نام کرلیا۔
لاکھوں دلوں کی دھڑکن عاطف اسلم کا شمار ملک کے صف اول گلوکاروں میں کیا جاتا ہے جنہوں نے پاکستان کی بین الاقوامی سطح پر نمائندگی کی ہے اور ان کی موسیقی کو لاکھوں لوگ پسند کرتے ہیں۔
اسی کے ساتھ وہ اپنی روح پرور آواز اور دل چھو لینے والے گانوں کے ذریعے ہی نہیں بلکہ اپنے مزاحیہ سوشل میڈیا انداز کے ذریعے بھی مداحوں کو محظوظ کرتے رہتے ہیں۔ چاہے وہ ان کی اسٹیج پرفارمنس ہو یا سوشل میڈیا پر مزاحیہ حرکات، وہ ہمیشہ مداحوں کی توجہ حاصل کر لیتے ہیں۔
حال ہی میں گلوکار نے اپنی پرسنیلیٹی کے برعکس ایسی پوسٹ شیئر کی ہے جو نہ صرف انکے فینز کو حیران کرگئی بلکہ اس پوسٹ نے گلوکار کو جین زی ٹرینڈ کے لیے خود کو بہترین تخلیق کار ثابت کراتے ہوئے انٹرنیٹ پر دھوم مچا دی۔
سب ہی جانتے ہیں محبت کا اظہار کرنے کا عالمی دن ویلنٹائن ڈے کی آمد آمد ہے جو ہر سال 14 فروری کو منایا جاتا ہے ، اگرچہ کہ مذہبِ اسلام میں اس دن کو منانا ممنوع ہے لیکن اس کے باوجود لوگ مختلف طریقے سے اس دن کو مناتے اور اپنی محبت کا اظہار کرتے نظر آتے ہیں۔
ویلنٹائن ڈے کو مد نظر رکھتے ہوئے عاطف اسلم نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مختصر ویڈیو کلپ شیئر کیا جس میں انہیں سڑک کنارے افسردہ حالت میں دیکھا گیا۔
اس دوران گلوکار ایک ایسے گھر کی جانب تکتے نظر آرہے ہیں جو برقی قمقموں سے سجاہواہے اور ایسا لگتا ہے جیسے کہ اس گھر میں شادی کی تقریبات جاری ہوں۔
ایسےمیں عاطف اسلم نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ کہتی تھی ‘میں اکیلے مر جاؤں گی، کسی اور سے شادی نہیں کروں گی’۔
حالانکہ وہ اپنی ویلنٹائن اہلیہ سارہ بھروانا کو پا چکے ہیں لیکن پھر بھی انہوں نے تمام دل شکستہ افراد کے لیے یہ ٹرینڈ اپنے ہی گانے ’تیرے بن ’ کے ساتھ پوسٹ کیا۔
عاطف نے اس پوسٹ کے کیپشن میں مزاحیہ انداز میں خبردار کرتے ہوئے لکھاکہ،’اس ویلنٹائنز ڈے پر کوئی بھی محفوظ نہیں ہے’۔
جیسے ہی پوسٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی مداحوں کی جانب سے کمنٹ سیکشن میں ہنسی کے ایموجیز اور مزاحیہ ردعمل کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
کئی لوگوں نے اس مزاحیہ انداز کو دل ٹوٹنے کی حقیقت سے جوڑا، جبکہ کچھ نے عاطف اسلم کو اس بات پر چھیڑا کہ وہ شادی شدہ ہوتے ہوئے بھی ایک خیالی سابقہ محبوبہ کو یاد کر رہے ہیں۔