لوئرکرم کے علاقوں میں سامان لیجانے والی گاڑیوں کے قافلےپر فائرنگ، ٹرک ڈرائیور جاں بحق

ضلع کرم میں لوئرکرم کے علاقوں میں امدادی سامان کی گاڑیوں کے قافلے پر فائرنگ کے نتیجے میں ٹرک ڈرائیور اکرم خان جاں بحق ہوگیا۔

پولیس کےمطابق آج صبح کھانے پینے کی اشیا، ادویات اور دیگر سامان سے لدی 64 گاڑیاں ضلع ہنگو سے ضلع کرم کیلئے روانہ ہوئی تھیں۔

پولیس نے بتایاکہ لوئرکرم پہنچنے پربگن،او چت، مندوری، ڈاڈ قمر اور چارخیل سمیت 7 مقامات پر قافلے پر حملے کیےگئے جس کے نتیجے میں 5 ٹرک ڈرائیور زخمی ہو گئے۔

بعدازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ایک ڈرائیور اکرم خان جاں بحق ہوگیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حملےکے بعد مال سے لدی ہوئی 64 گاڑیوں میں سے 42 گاڑیاں پھنس گئیں اور کچھ گاڑیوں کے مالکان واپس ہنگو کے لیے روانہ ہو گئے۔

زخمی ڈرائیور اکرم خان کا کہنا ہے کہ میڈیسن سے بھرے ٹرک کو لوٹ بھی لیا گیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی کرم میں فائرنگ کے واقعات میں متعدد پولیس اہلکاروں اور عام شہریوں کی ہلاکت کے باعث امدادی قافلوں کی پارا چنار فراہمی معطل ہو چکی ہے۔