خیبرپختونخوا؛ 17 سال میں کتنے پولیس اہلکار دہشتگردانہ حملوں میں شہید ہوئے، رپورٹ جاری

خیبرپختونخوا میں 2008 سے 2024 تک 16 سو 70 پولیس اہلکار دہشتگردانہ حملوں میں شہید ہوئے، سب سے زیادہ 210 اہلکار سال 2009 میں شہید ہوئے۔

یہ اعدادوشمار محکمہ داخلہ کی رپورٹ میں پیش کیے گئے ہیں۔اس حوالے سے دستاویزات کے مطابق سال 2023 میں پولیس کے 174 اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔ سال 2008 میں پولیس کے 172 اہلکاروں نے فرائض کی ادائیگی میں جان قربان کی، جبکہ 2011 میں 155 اور 2013 میں 134 اہلکار شہید ہوئے۔

اسی طرح دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ سال 2014 میں 112 اور 2010 میں 107 اہلکار شہید ہوئے، سال 2012 میں 106 اور 2022 میں 91 اہلکار شہید ہوئے، سب سے کم 31 اہلکار 2018 میں شہید ہوئے۔محکمہ داخلہ کے مطابق تمام شہداء کے لواحقین کو شہدا پیکیج دیا جا چکا ہے۔