جانی ڈیپ پائریٹس آف دی کیریبین 6 کے ساتھ اسکرین پر واپس آرہے ہیں؟

ہالی ووڈ کے معروف اداکار جانی ڈیپ جلد اپنی مشہور فرنچائز پائریٹس آف دی کیریبین کی آخری اور چھٹی فلم کے ساتھ بڑے پردے پر جلوہ گر ہوں گے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق سابقہ اہلیہ اداکارہ امبر ہرڈ کے ساتھ علیحدگی کے بعد ان کیخلاف ہائی پروفائل عدالتی مقدمے کی وجہ سے شہ سرُخیوں کا حصہ بنے رہنے والے اداکار جانی ڈیپ کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک افواہ گردش کر رہی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جانی ڈیپ ایک مرتبہ پھر اپنے مشہور کردار کیپٹن جیک اسپیرو میں دکھائی دیں گے کیونکہ ڈزنی اس فرنچائز کی چھٹی پائریٹس آف دی کیریبین فلم بنانے جارہا ہے۔

اس فرنچائز کی کامیابی اور دنیا بھر کے باکس آفس سے  4.5 بلین ڈالر سے زیادہ کا بزنس کرنے میں جانی ڈیپ کا ایک بڑا کردار ہے کیونکہ جیک اسپیرو کا کردار ہی اس فرنچائز کی وجہ شہرت ہے۔

یاد رہے کہ ڈزنی نے جانی ڈیپ پر گھریلو تشدد اور عدالتی مقدمات کے الزامات کی وجہ سے کچھ عرصے کیلئے ان سے اپنا تعلق ختم کر رکھا تھا یہی وجہ ہے کہ جانی ڈیپ کے کیریئر کو اس متنازعہ عدالتی کیس کی وجہ سے بہت نقصان پہنچا تھا تاہم امبر ہرڈ کے خلاف کیس جیتنے کے بعد تھا ڈزنی بھی اداکار کے ساتھ اپنے تعلقات ایک مرتبہ پھر استوار کرنا چاہتا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈزنی جلد ہی اس فرنچائز کی چھٹی فلم کے لئے پروڈکشن شروع کرنے والا ہے جس میں جانی ڈیپ شامل ہوں گے اور یہ فلم جلد ہی سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔