شمالی وزیرستان: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر شمالی وزیرستان کے علاقے غلام خان کلے میں کامیاب آپریشن کرتے ہوئے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر مؤثر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کرلیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔ علاقے میں مزید کسی دہشت گرد کی موجودگی کے امکان کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
پاک فوج نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے سیکیورٹی فورسز پوری طرح پُرعزم ہیں۔