وزیرِاعظم شہباز شریف کا 20 ارب روپے کے رمضان پیکیج کا اجراء

وزیراعظم شہباز شریف نے 20 ارب روپے کے رمضان پیکیج 2025ء کا اجراء کر دیا۔

اسلام آباد میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ 40 لاکھ خاندان اور 2 کروڑ افراد اس پیکیج سے مستفید ہوں گے، 40 لاکھ مستحق خاندانوں کو ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے فی خاندان 5 ہزار روپے دیے جائیں گے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ گزشتہ رمضان کے مقابلے میں اس بار مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی ہے، اس بار رمضان پیکیج میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا، گزشتہ سال کے 7 ارب روپے کے رمضان پیکیج کے مقابلے میں اس بار 3 گنا بڑھایا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ اس بار رمضان پیکیج کو انتہائی آسان بنایا ہے، اب لمبی قطاروں میں نہیں کھڑا ہونا پڑے گا، پیکیج سے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مستحق خاندان مستفید ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز نوشہرہ میں دہشت گردی کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا، مدرسہ حقانیہ میں دہشت گردی کے حملے کی مذمت کرتے ہیں، ملک سے دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کر کے دم لیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ خیبر پختون خوا حکومت فوری طور پر ملزمان کو کٹہرے میں لائے، حالیہ برسوں میں ہونے والی دہشت گردی کی وجوہات سب جانتے ہیں۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 80 ہزار پاکستانیوں نے قربانیاں دیں، ہر طبقۂ فکر کے لوگوں نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں پہلا روزہ کل ہو گا۔