اپوزیشن اتحاد کو حکومت یا نظام کے لیے خطرہ نہیں سمجھتے، سینیٹر عرفان صدیقی

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد کو حکومت یا نظام کے لیے خطرہ نہیں سمجھتے۔

عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ جہاں تک اپوزیشن الائنس کا تعلق ہے، یہ ایک جمہوری عمل ہے، حزب اختلاف کی جماعتیں اشتراک عمل کرتی رہتی ہیں، ماضی بھی ایسا ہوتا رہا۔

انہوں نے کہا کہ اب بھی اگر جمہوری اصول کی بنیاد پر ایسا ہوتا ہے تو اسے خوش آمدید کہنا چاہیے، اس میں کوئی ایسی پریشانی کی بات نہیں ہے۔

بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی وجہ سے مذاکرات ناکام ہوئے، قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف کہتے ہیں کہ مذاکرات کا کھیل تماشے کے طور پر نہیں ہونا چاہیے، ہماری طرف سے مذاکرات کے لیے بے چینی یا بے تابی نہیں ہے۔

عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ ہماری طرف سے مذاکرات کے لیے بے چینی یا بے تابی نہیں ہے۔

رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے ساتھ تحریری معاہدے پر ضرور عمل ہونا چاہیے، پیپلزپارٹی نظام کو درہم برہم نہیں رکھنا چاہتی، پیپلزپارٹی کے تحفظات ضرور دور ہونے چاہئیں، اس کے لیے کوشش کی جا رہی ہے۔

عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا پہلا دور بھی زلزلہ انگیز تھا، امریکی صدر ٹرمپ کے حالیہ اقدامات کی عالمی پذیرائی نہیں ہو رہی، امریکی صدر کی قیادت میں واشنگٹن عالمی تنہائی کی طرف جارہا ہے۔