بشریٰ انصاری یوٹیوب وی لاگرز کے فین کلچر پر حیران

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ بشریٰ انصاری نے یوٹیوبرز کی ڈیلی وی لاگنگ اور اس کے ناظرین پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔

نجی ٹی وی کی رمضان ٹرانسمیشن میں گفتگو کرتے ہوئے بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ وہ حیران ہیں کہ روزمرہ زندگی کے عام مناظر پر مبنی وی لاگز اتنے زیادہ مقبول کیسے ہو جاتے ہیں اور لوگ انہیں اتنی دلچسپی سے کیوں دیکھتے ہیں۔

اداکارہ نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ہمیں تو یہ سمجھ نہیں آتا کہ یہ یوٹیوبرز کون ہیں اور ان کا کانٹینٹ اتنی بڑی کمائی کیسے کر رہا ہے۔ میں نے کچھ مشہور یوٹیوبرز اور ٹک ٹاکرز کو ڈھونڈنے کی کوشش کی، لیکن مجھے معلوم نہیں تھا کہ ان کو کہاں سے دیکھوں۔

بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ درحقیقت میں یوٹیوبرز سے زیادہ ان کے ناظرین پر حیران ہوں، جو عام سی ویڈیوز کو کروڑوں کی تعداد میں دیکھتے ہیں۔