پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے حکومتی دباؤ اور چالوں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کسی بھی صورت میں کوئی ڈیل نہیں ہوگی۔
عمران خان کی بہن علیمہ خان نے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں اپنے بھائی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں یہ انکشاف کیا۔
علیمہ خان نے بتایا کہ ایک ہفتے بعد آج عمران خان سے ملاقات ہوئی ہے، اور ان کے تمام کیسز کی سماعت ملتوی کر دی گئی ہے۔ علیمہ کے مطابق، عمران خان اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ہمراہ خوش اور صحت مند نظر آ رہے تھے، ان کے کان یا کسی اور بیماری کی کوئی شکایت نہیں ہے۔
علیمہ خان نے اسٹیبلشمنٹ کے حمایتیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر بیٹھے ان کے ٹاوٹ جھوٹی خبریں پھیلا رہے ہیں، کبھی کہتے ہیں عمران خان کے دماغ میں انفیکشن ہوگیا ہے، جبکہ حقیقت میں ایسی کوئی بات نہیں، اللہ تعالیٰ انہیں اپنی حفاظت میں رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے ذاتی معالج کو ان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی اور نہ ہی ان کے بچوں کو بات کرنے دی جاتی ہے۔ وکیل سلمان اکرم راجا کو بانی کی ذاتی درخواستیں دیکھنے کا کام سونپا گیا ہے، جبکہ القادر کیس کا فیصلہ جلد متوقع ہے، تاہم بانی کو دباؤ میں لانے کے لیے خصوصی افراد کو استعمال کیا جا رہا ہے۔
عمران خان نے اسٹیڈیم کے نام کی تبدیلی پر بھی ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ارباب نیاز اسٹیڈیم کا پرانا نام ہی بحال کیا جائے۔