جنوبی کوریا کے معروف گلوکار وی سنگ 43 برس کی عمر میں چل بسے۔ کورین میڈیا کے مطابق، ان کا انتقال دارالحکومت سیؤل میں ان کے گھر پر ہوا۔ پولیس اور ریسکیو عملہ گھر پہنچا تو وہ انتقال کرچکے تھے۔ پولیس نے گلوکار کی موت کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
وی سنگ کی ایجنسی نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ گلوکار کو گھر میں دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔ ان کے انتقال کو فیملی، دوستوں اور انڈسٹری کے لیے بڑا نقصان قرار دیا گیا ہے۔
دوسری جانب کورین گلوکار کانگ چانگ مو (کے سی ایم) نے 15 مارچ کو ہونے والا اپنا کنسرٹ منسوخ کردیا ہے۔ اس کنسرٹ میں ان کے ساتھ وی سنگ کو بھی پرفارم کرنا تھا۔
وی سنگ نہ صرف ایک گلوکار تھے بلکہ رائٹر، ڈانسر اور تھیٹر اداکار بھی تھے۔ انہوں نے کئی مشہور گانے خود لکھے اور گائے، جو آج بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔ ان کے اچانک انتقال نے میوزک انڈسٹری اور مداحوں کو غمزدہ کر دیا ہے۔