اداکارہ جویریہ سعود کے پانی سے متعلق دیے گئے بیان پر سوشل میڈیا صارفین حیران و پریشان ہوکر مختلف دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔
حال ہی میں ایک ٹی وی شو میں میزبان جویریہ سعود نے مہمان اداکارہ ایمن خان کو جاپانی سائنسدان کی پانی پر کی گئی تحقیق کے بارے میں بتایا کہ 'ہر پانی کی اپنی تاثیر ہوتی ہے'۔
جویریہ سعود کے مطابق 'جاپانی سائنسدان نے بتایا تھا کہ پانی کے اندر جذبات ہوتے ہیں اور وہ سن سکتا ہے۔ اس سائنسدان نے دو پانی کی بوتلوں کو اپنے پاس رکھا، ایک بوتل پر اچھی باتیں کیں اور دوسری بوتل پر بری باتیں کیں۔ کچھ وقت گزرنے کے بعد سائنسدان نے ان بوتلوں کے پانی کا مشاہدہ کیا تو اچھی باتوں والا پانی صاف تھا جبکہ بری باتوں والا پانی گندا ہوچکا تھا'۔
اس تحقیق کی بنیاد پر جویریہ سعود نے دعویٰ کیا کہ 'ہم جب کھانا بناتے ہیں تو اس میں چونکہ تین حصے پانی اور ایک حصہ مواد ہوتا ہے، لہٰذا جب ہم دل سے بناکر کھانا گھر والوں کے سامنے پیش کرتے ہیں تو اس کی تاثیر بھی ویسی ہی ہوتی ہے'۔
جویریہ سعود کی وائرل ویڈیو پر صارفین کی آرا مختلف ہیں۔ متعدد صارفین نے جویریہ سعود کے بیان کی تصدیق کرتے ہوئے تبصرہ کیا کہ اداکارہ صحیح کہہ رہی ہیں جبکہ کئی سوشل میڈیا صارفین نے اداکارہ کے بیان کو غلط سمجھ کر اس کا مذاق اڑایا۔