لالی ووڈ فلموں کے نامور رائٹر ناصر ادیب نے انکشاف کیا ہے کہ میرے ریما خان سے متعلق دیے گئے بیان پر بیٹی، اداکارہ زویا ناصر نے میرا ساتھ دینے کے بجائے اداکارہ ریما خان کی حمایت کی تھی۔
اداکارہ زویا ناصر نے حال ہی میں اپنے والد ناصر ادیب کے ہمراہ نجی ٹی وی چینل کی رمضان ٹرانسمیشن میں شرکت کی۔
اس موقع پر زویا ناصر اور ناصر ادیب نے میزبان کی جانب سے پوچھے گئے متعدد سوالات کے جواب دیے۔
ایک سوال کے جواب میں رائٹر ناصر ادیب نے کہا کہ بیٹیوں کے رشتے ڈھونڈنے نکلیں تو لڑکے میں صرف دو باتیں دیکھیں، پہلی یہ کہ لڑکا خواتین کی عزت کرتا ہوں اور عورت ذات کا دل میں احساس رکھتا ہو۔
شو کے دوران میزبان ندا یاسر نے زویا ناصر سے سوال کیا کہ جب آپ کے والد نے ایک پوڈکاسٹ میں متنازع بیان دیا تھا تو کیاں آپ نے اپنے والد کو سمجھایا تھا؟
اس پر زویا ناصر نے بتایا کہ میں نے پوڈکاسٹ کی مذکورہ متنازع ویڈیو وائرل ہونے کے بعد والد کو سمجھایا تھا۔
اس موقع پر ناصر ادیب نے کہا کہ باپ بھی انسان ہوتا ہے، باپ فرشتہ نہیں ہوتے، باپ بھی غلطی کر سکتا ہے، پوڈکاسٹ میں جو میں نے باتیں کیں، اس پر زویا نے میرا ساتھ دینے کے بجائے ریما خان کا ساتھ دیا تھا، مجھے اس بات کی خوشی ہوئی تھی کہ زویا نے میرا ساتھ دینے کے بجائے حق کا ساتھ دیا۔
ناصر ادیب نے کہا کہ میں نے اپنے بیان پر معافی بھی مانگی تھی اور ساتھ ہی یہ بھی تسلیم کیا تھا کہ مجھے اداکارہ کے بارے میں ایسی باتیں نہیں کہنی چاہیے تھیں۔