پشاور: رمضان المبارک کے دوران پشاور کے مختلف علاقوں میں سوئی گیس کی کمی کی وجہ سے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ خاص طور پر سحری اور افطار کے وقت گیس کی عدم دستیابی نے لوگوں کو مہنگے داموں گیس سلنڈر خریدنے پر مجبور کر دیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بار بار شکایات کے باوجود حکومتی نمائندے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں اور مسئلہ جوں کا توں برقرار ہے۔ ترناب فارم، مسلم سٹی، ریلوے اسٹیشن، غریب آباد، کارپوریشن کالونی، گل بہار اور دیگر علاقوں میں سحری اور افطار کے اوقات میں گیس مکمل طور پر غائب ہو جاتی ہے، جبکہ کچھ مقامات پر گیس کی فراہمی بالکل بند ہے۔
گیس کی عدم دستیابی کی وجہ سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں اور حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ سوئی گیس کے پریشر کا مسئلہ فوری طور پر حل کیا جائے، تاکہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں عوام کو مزید پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔