پاکستانی اداکارہ مایا علی نے اپنی شادی سے متعلق خاموشی توڑتے ہوئے واضح کیا کہ وہ صرف شادی کرنے کے لیے شادی نہیں کرسکتیں۔
وہ حال ہی میں ایک نجی ٹی وی چینل کے رمضان شو میں اپنے کزنز کے ہمراہ شریک ہوئیں، جہاں میزبان نے ان سے شادی کا سوال کیا۔
مایا علی نے جواب دیا کہ ان کی والدہ ان کی جلد شادی کی خواہش رکھتی ہیں اور ہر نماز میں اس کے لیے دعا کرتی ہیں، لیکن ان کے نزدیک شادی کے لیے صحیح وقت اور صحیح انسان کا ملنا ضروری ہے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ جب ان کے چھوٹے بھائی کی شادی ہوئی تو ان سے بار بار یہی سوال کیا گیا کہ ان کی شادی کیوں نہیں ہوئی، جو ان کے لیے حیران کن تھا۔
مایا علی کا کہنا تھا کہ جب کوئی ایسا شخص ملے گا جو ان کی والدہ کی عزت کرے، ان کے جذبات اور کام کو سمجھے اور عورت کی اہمیت کو تسلیم کرے، تب وہ شادی کے بارے میں فیصلہ کریں گی۔