پاکستان کی مشہور ٹک ٹاکر اور اداکارہ جنت مرزا نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ڈراموں میں اداکاری کیوں نہیں کرتیں۔
جنت مرزا، جنہوں نے اپنی فلمی کیریئر کی شروعات سید نور کی فلم تیرے باجرے دی راکھی سے کی تھی، کو مشہور ڈراموں پری زاد اور ہم کہاں کے سچے تھے میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی، مگر انہوں نے ان دونوں ڈراموں میں کام کرنے سے انکار کر دیا۔
حالیہ انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ ان کی سب سے بڑی مشکل ہوائی سفر کا خوف ہے، کیونکہ زیادہ تر ڈرامے کراچی میں شوٹ کیے جاتے ہیں اور وہ بار بار کراچی آنے جانے سے قاصر ہیں۔
جنت مرزا کا کہنا تھا کہ ڈراموں میں کام کرنے کے لیے طویل مدتی کمٹمنٹ درکار ہوتی ہے، اور وہ ابھی ایسی کسی بڑی ذمہ داری کے لیے تیار نہیں ہیں۔ جب ان سے کراچی شفٹ ہونے سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ان کے والدین فیصل آباد میں رہنا پسند کرتے ہیں، اور وہ اپنی فیملی کو چھوڑ کر کراچی جانے کے لیے تیار نہیں۔
جنت مرزا پاکستان کی نمبر ون ٹک ٹاکر ہیں اور ان کے لاکھوں فالوورز انسٹاگرام پر بھی موجود ہیں۔ ان کی بہن علشبہ انجم بھی ایک سوشل میڈیا اسٹار ہیں اور دونوں بہنیں اپنی ٹک ٹاک ویڈیوز کے علاوہ مختلف برانڈز کی تشہیر میں بھی مصروف نظر آتی ہیں۔