سابق پاکستانی آل راؤنڈر شعیب ملک اور ان کی سابقہ اہلیہ، ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کے بیٹے ازہان ملک نے حال ہی میں اپنا پہلا روزہ رکھا، جس کی خوشی میں شعیب ملک نے انسٹاگرام پر ایک خصوصی پوسٹ شیئر کی۔
اس پوسٹ میں ازہان ملک کو پھولوں کا ہار پہنے اور کیمرے کے سامنے خوشی سے پوز دیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
شعیب ملک نے بیٹے کی روزہ کشائی کے موقع پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی۔ انہوں نے کیپشن میں لکھا، ”پہلا روزہ مبارک میرے چھوٹے سے چیمپئن کو۔ بابا کو تم پر بہت فخر ہے۔ اللہ تمہارا روزہ قبول کرے اور ہمیشہ اپنی برکتوں سے نوازے۔
شعیب ملک نے بیٹے ازہان کے ساتھ اپنی خاص بانڈنگ کا ذکر بھی کرتے رہتے ہیں۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا، ”ازہان میرا بیٹا ضرور ہے، لیکن ہمارا تعلق زیادہ تر دوستی والا ہے۔ وہ مجھے ’برو‘ کہتا ہے اور میں بھی کبھی کبھار اسے اسی طرح مخاطب کرتا ہوں۔“
انہوں نے مزید کہا کہ وہ مہینے میں کم از کم دو بار دبئی جا کر ازہان سے ملنے کی کوشش کرتے ہیں۔ شعیب ملک نے یہ بھی بتایا کہ جب وہ دبئی میں ہوتے ہیں، تو اپنی پوری کوشش کرتے ہیں کہ وہ ازہان کو اسکول چھوڑنے اور لینے جائیں اور اس کی اسپورٹس کلاسز میں اس کے ساتھ شریک ہوں۔
شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی شادی 2010 میں ہوئی تھی، اور ان کی پہلی اور اکلوتی اولاد، بیٹا ازہان مرزا ملک 2018 میں پیدا ہوا۔ دونوں سیلیبریٹز کے درمیان طویل عرصے سے اختلافات کی خبریں آ رہی تھیں اور 2023 میں انہوں نے اپنے راستے الگ کر لیے تھے۔
شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی شادی 13 سال چلنے کے بعد 2023 میں ختم ہوئی۔ اس کے بعد شعیب ملک نے 2024 کے آغاز میں پاکستانی اداکارہ ثناء جاوید سے تیسری شادی کر لی۔
ثانیہ مرزا نے ابھی تک دوسری شادی کا فیصلہ نہیں کیا اور بیٹے کی کسٹڈی بھی ان کے پاس ہے۔ تاہم، شعیب ملک اب بھی اپنے بیٹے ازہان مرزا ملک کی مشترکہ پرورش کر رہے ہیں اور اس کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔