بالی وڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کی فلم ’سکندر‘، جو اس سال عید پر ریلیز ہوئی، باکس آفس پر توقعات پر پورا نہیں اتر سکی۔ رپورٹس کے مطابق، فلم نے ریلیز کے پہلے تین دنوں میں مجموعی طور پر 75 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا، جس میں پہلے دن 26 کروڑ، دوسرے دن 29 کروڑ، اور تیسرے دن 19 کروڑ 50 لاکھ روپے شامل ہیں۔ تاہم، تیسرے دن فلم کی کمائی میں 32 فیصد سے زیادہ کی کمی دیکھی گئی، جس کے بعد کئی سنیما گھروں سے یہ فلم ہٹائی جا رہی ہے۔
رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سلمان خان کے 37 سالہ کیرئیر میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ ان کی فلم تیسرے دن ہی سنیما گھروں سے نقصان کی وجہ سے ہٹائی جا رہی ہو۔ بھارت کے کئی شہروں میں سنیما مالکان نے سکندر کے ٹکٹس کی فروخت نہ ہونے کی وجہ سے مقامی ملیالم فلم ’ایل 2: امپوران‘ کے شوز رکھ لیے ہیں، جو باکس آفس پر 250 کروڑ روپے سے زیادہ کا بزنس کر چکی ہے۔