الخدمت فاؤنڈیشن کا عید پر مستحق بچوں میں تحائف اور عیدی تقسیم کرنے کا سلسلہ جاری

پشاور: الخدمت فاؤنڈیشن نے اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے امسال بھی عیدالفطر کے موقع پر یتیم بچوں، اسٹریٹ چلڈرن اور تھیلیسیمیا میں مبتلا بچوں میں عیدی اور تحائف تقسیم کیے۔

اس سلسلے میں عید کے دوسرے روز الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی ہیڈکوارٹر، الخدمت ہاؤس سکندر ٹاؤن پشاور میں ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی، جس کی صدارت صوبائی صدر خالد وقاص نے کی، جبکہ جماعت اسلامی خیبرپختونخوا وسطی کے امیر عبدالواسع مہمانِ خصوصی تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خالد وقاص نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن صوبہ بھر میں ساڑھے پانچ ہزار سے زائد یتیم بچوں کی کفالت کر رہی ہے، جبکہ رمضان المبارک کے دوران بھی محروم طبقات کی مدد کا سلسلہ جاری رہا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 850 سے زائد اسٹریٹ چلڈرن، جو ناکارہ اشیاء بیچ کر اپنے گھرانوں کی کفالت میں مدد دیتے ہیں، اور 600 سے زائد تھیلیسیمیا کے مریض بچے الخدمت فاؤنڈیشن کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں۔

تقریب سے خطاب میں عبدالواسع نے الخدمت کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یتیم بچوں، اسٹریٹ چلڈرن اور تھیلیسیمیا کے مریضوں کو زندگی کی بنیادی سہولیات فراہم کرنا لائق تحسین عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان میں خدمتِ انسانیت کے لیے ایک بہترین ادارہ ہے، جس کی بے لوث خدمات پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔