ایک تقریب اور ایک ہی کارڈ، بھارتی شہری نے ایک ساتھ دو لڑکیوں سے شادی رچالی

بھارتی ریاست تلنگانہ میں ایک شخص نے ایک ہی منڈپ اور ایک ہی وقت میں 2 لڑکیوں  سے شادی رچالی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گمنور گاؤں کے رہنے والے سوریا دیو کو لال دیوی اور جھلکاری دیوی سے ایک ساتھ محبت ہوگئی، اس محبت کی خاطر سوریا نے دونوں خواتین سے ایک ہی وقت میں شادی کا فیصلہ کرلیا۔

بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ دُلہا نے دونوں دُلہنوں سے شادی کیلئے ایک ہی تقریب کا اہتمام کیا حتیٰ کہ اس شادی کے لیے ایک ہی دعوت نامہ چھاپا گیا جس پر دونوں لڑکیوں کانام درج  تھا۔

 شادی کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں دونوں لڑکیوں کو لڑکے کا ہاتھ تھامے تینوں خاندانوں، رشتے داروں اور گاؤں والوں کی موجودگی میں رسومات ادا کر تے دیکھا جاسکتا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سوریا دیو، لال دیوی اور جھلکاری دیوی سے محبت کرنے لگا تھا جس کے بعدتینوں نے  ایک ساتھ رہنے کا فیصلہ کیا جب کہ ابتدا میں گاؤں کے بزرگوں نے اس فیصلے کی مخالفت کی لیکن آخر کار سب راضی ہوگئے جس کے بعد تینوں کی شادی کا فیصلہ کیا۔