شانگلہ میں 90 سالہ بزرگ کی دوسری شادی، بیٹوں نے خواہش پوری کر دی

شانگلہ کے علاقے بشام شانگ میں 90 سالہ مولانا سیف اللہ کی دیرینہ خواہش ان کے بیٹوں نے پوری کر دی، جب انہوں نے اپنے والد کی دوسری شادی کا انتظام کیا۔

سیف اللہ کی پہلی بیوی کا انتقال 7 سال قبل ہوا تھا، جس کے بعد وہ تنہائی محسوس کر رہے تھے۔

ان کے چاروں بیٹوں، جو سعودی عرب میں ملازمت کرتے ہیں، نے ایک مناسب رشتہ تلاش کر کے 55 سالہ خاتون سے ایک تولہ حق مہر میں ان کی شادی کروائی۔

شادی کی تقریب میں سیف اللہ کی اولاد، 30 سے زائد پوتے، پڑپوتے، نواسے اور نواسیاں شریک ہوئیں، جبکہ قریبی رشتہ داروں اور پڑوسیوں نے بھی خوشی میں حصہ لیا۔

بیٹوں کا کہنا تھا کہ والدہ کے انتقال کے بعد ان کے والد تنہائی محسوس کر رہے تھے، جس کے باعث انہوں نے ان کی خوشی کے لیے یہ قدم اٹھایا۔