ٹیکساس میں نیا عالمی ریکارڈ: بکیز نے دنیا کے سب سے بڑے پیٹرول اسٹیشن کا اعزاز حاصل کرلیا

ٹیکساس: امریکا کی ریاست ٹیکساس میں دنیا کا سب سے بڑا پیٹرول اسٹیشن "بکیز" (Buc-ee's) کے نام سے کھول دیا گیا ہے، جس نے سائز اور سہولیات کے اعتبار سے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔
2024 میں کھولے گئے اس اسٹیشن کا رقبہ 75,000 مربع فٹ ہے، جس کے ساتھ یہ عالمی سطح پر سب سے بڑا فیولنگ اسٹیشن قرار پایا ہے۔ اس میں 120 فیول پمپس، 600 سے زائد گاڑیوں کی پارکنگ کی سہولت اور 20 الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز موجود ہیں۔
یہاں 200 سے زائد افراد کام کرتے ہیں اور اسٹیشن چوبیس گھنٹے عوام کے لیے کھلا رہتا ہے۔ بکیز کی خاص بات صرف اس کا سائز ہی نہیں بلکہ یہاں موجود اعلیٰ معیار کے کھانے، جیسا کہ ہوم میڈ فج، باربی کیو سینڈوچز، بیور نگٹس، اور بیکری آئٹمز بھی اسے دیگر اسٹیشنز سے منفرد بناتے ہیں۔
اس کے علاوہ، جدید طرز کے صاف ستھرے باتھ رومز، گفٹ شاپ، اور وسیع سووینئرز اسٹور اسے سیاحتی مقام کی حیثیت بھی دیتے ہیں۔
قبل ازیں، بکیز ہی کی ایک برانچ ٹینیسی میں 74,000 مربع فٹ رقبے کے ساتھ سب سے بڑا اسٹیشن تھی، جسے اب اس نئی برانچ نے پیچھے چھوڑ دیا ہے۔