لاہور میں کورونا جیسی فلو کی علامات، ہر تیسرا مریض متاثر

لاہور میں ایک بار پھر فلو اور نزلہ زکام کی شدید لہر نے شہریوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں سے اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ تقریباً ہر گھر میں 3 سے 4 افراد فلو جیسی علامات میں مبتلا ہیں، جن میں کھانسی، بخار، گلے کی خراش اور ناک بہنا شامل ہے۔

معروف پلمونولوجسٹ ڈاکٹر عرفان نے اس حوالے سے بتایا کہ اس وقت لاہور میں رپورٹ ہونے والے 35 فیصد مریضوں میں فلو، نزلہ، زکام اور بخار کی علامات پائی جا رہی ہیں، اور ان میں کئی مریضوں کی علامات کورونا وائرس سے مشابہہ ہیں۔

ڈاکٹر عرفان کے مطابق یہ فلو تیزی سے ایک سے دوسرے شخص میں منتقل ہو رہا ہے، اس لیے متاثرہ افراد کو ماسک پہننے کی سختی سے ہدایت کی گئی ہے تاکہ دوسروں کو محفوظ رکھا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسے مریضوں کے لیے اینٹی بائیوٹکس کی کوئی ضرورت نہیں، بلکہ بخار اور الرجی کی دوا کے ساتھ آرام کرنا ہی بہترین علاج ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عام طور پر یہ فلو 3 سے 4 دن میں خود بخود ٹھیک ہو جاتا ہے۔

شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، ہجوم سے گریز کریں، اور متاثر ہونے کی صورت میں خود کو الگ تھلگ رکھیں تاکہ بیماری کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔