خیبر پختونخوا میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے جب کہ کچھ اضلاع اور بالائی مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے مختلف علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ موسمیاتی ماہرین نے پیش گوئی کی ہے کہ صوبے کے بیشتر اضلاع میں شدید گرمی کا سامنا رہے گا جب کہ بالائی علاقوں میں بارش ہو سکتی ہے۔
پشاور سمیت صوبے کے دیگر شہر کرم، اورکزئی اور مہمند کے کچھ مقامات پر تیز ہواوں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور شہر میں بادلوں اور سورج کے درمیان آنکھ مچولی جاری رہے گی۔
شہر پشاور کا کم سے کم درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ شہر میں ہوا کی نمی کا تناسب 22 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
صوبے کے دیگر اہم علاقوں میں بھی شدید گرمی متوقع ہے۔
اُدھر کالام میں کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جب کہ سب سے زیادہ درجہ حرارت ڈی آئی خان میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
علاوہ ازیں چترال میں 33، تیمرگرہ میں 39، میرکھنی میں 35، بنوں میں 44، بالاکوٹ میں 38 اور تخت بائی میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت جا سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ گرمی کی شدت سے بچا جا سکے۔